Tahir Homeopathic & Research Institute

تعارف
طاہر ہومیو پیتھک ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ربوہ

img4

ہزاروں مریضوں کا علاج کرنے والا یہ اِدارہ دراصل ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے شروع ہوا تھا جس کا آغاز مکرم ڈاکٹر وقار منظور بسراء صاحب نے کیا تھا۔ اس کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی بے پایاں شفقت اور منظوری سے یہ ڈسپنسری مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کے زیرانتظام کام کرنے لگی۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے ان الفاظ کے ساتھ منظوری مرحمت فرمائی کہ’’مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان خدمت خلق کے تحت ہومیوپیتھی کے فروغ کے لئے جس وسیع منصوبے کا ارادہ رکھتی ہے میں اس کی کامیابی کے لئے دعا گوہوں۔بہت نیک کام ہے اللہ تعالیٰ آپ کے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔لوگ شفا پائیں ۔‘‘
نیز ازراہِ شفقت اس ڈسپنسری کام نام ’’طاہر ہومیوپیتھک ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ منظور فرمایا۔
یہ اِدارہ 2000ء سے ہر سال دنیا بھر سے اوسطاً سوا لاکھ مریضوں کے لئے علاجگاہ بناہوا ہے۔ جس میں سے ایک بڑی تعداد غیرازجماعت احباب کی ہوتی ہے۔ اس اِدارہ میں اس وقت 5 ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز سمیت 24 کارکنان خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
’’طاہر ہومیوپیتھک ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کی تعمیر کے لئے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے دارالرحمت میں چھ کنال 8مرلے پر مشتمل قطعہ عنایت فرمایا۔
مؤرخہ17؍اپریل 2005ء کی شام ساڑھے پانچ بجے مکرم و محترم صاحبزادہ مرزا خورشید احمد صاحب ناظر اعلیٰ و امیر مقامی نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نمائندگی میں طاہر ہومیوپیتھک ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ ربوہ کی عمارت کاسنگ بنیاد رکھا ۔ اس پر تعمیر ہونے والی عمارت بیسمنٹ سمیت چارمنزلوں پر مشتمل ہوگی۔ اس میں دو بڑے ویٹنگ رومز کے علاوہ استقبالیہ، رجسٹریشن سیکشن، ریکارڈروم اور OPD کے علاوہ کلینکل لیبارٹریز بھی ہوں گی نیز چاروارڈز ICU، پرائیویٹ رومز کے علاوہ ریسرچ لیبارٹیریز، میوزیم اور جدید ساؤنڈ سسٹم کے ساتھ ایک بڑا کانفرس ہال ہوگا۔ دیگر سہولیات میں لفٹ، ایئرکنڈیشننگ اور بجلی کے متبادل انتظام کے لئے ہیوی جنریٹر بھی شامل ہیں۔
خداکے فضل سے طاہرریسرچ انسٹیٹیوٹ میں گزشتہ سالوں میں اب تک کئی نئی ادویات بھی تیار ہو چکی ہیں جن پر وسیع پیمانے پر پرووِنگ اور تجربات جاری ہیں۔ ادویات کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لئے ایک جدید فارمیسی بھی بنائی جائے گی۔نیز ایک ہومیوپیتھک کالج بھی اس نئی عمارت میں قائم کیا جائے گا
اِس اِدارے میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سے روزانہ ہونے والی سینکڑوں شفاؤں میں سے کچھ مثالیں الفضل انٹرنیشنل 19؍اکتوبر2012ء تا 25؍اکتوبر 2012ء میں تفصیل کے ساتھ شائع ہو چکی ہیں جو آنمحترم کی خدمت میں پیش ہیں۔